ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / فضائی آلودگی کے باعث نوئیڈا میں بھی اسکول بند، آن لائن کلاسز کا آغاز

فضائی آلودگی کے باعث نوئیڈا میں بھی اسکول بند، آن لائن کلاسز کا آغاز

Tue, 19 Nov 2024 12:24:05  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 19/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی-این سی آر میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے پیش نظر سپریم کورٹ نے 18 نومبر کو 12ویں جماعت تک کے اسکولوں کو بند کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے این سی آر کی تمام ریاستوں کو حکم دیا ہے کہ وہ گریپ 4 کے تحت عائد کی گئی پابندیوں پر فوری عمل درآمد کریں۔ اس فیصلے کے تحت دہلی اور گروگرام کے بعد اب نوئیڈا میں بھی اسکول بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، تاکہ بچوں کو مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

گریپ 4 کی پابندیوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے، گوتم بدھ نگر کے ضلع مجسٹریٹ منیش ورما نے بھی اسکول بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ آرڈر میں کہا گیا ہے، 'گوتم بدھ نگر کے تمام اسکول 12ویں کلاس تک آن لائن کلاسز کا انعقاد کریں گے۔ آن لائن کلاسز اگلے احکامات تک جاری رہیں گی۔ یہ فیصلہ بچوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

اسی وقت گروگرام ضلع کے ڈپٹی کمشنر اجے کمار نے ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا، "12ویں جماعت تک کی تمام کلاسیں گروگرام کے تمام علاقوں یعنی شہری اور دیہی علاقوں میں 19 نومبر سے 23 نومبر تک یا اگلے احکامات تک بند رہیں گی۔ تمام سرکاری اور ضلع میں پرائیویٹ اسکول بند رہیں گے "فزیکل کلاسز کے بجائے آن لائن کرائی جائیں گی۔"

دہلی میں فضائی آلودگی کی سنگین سطح کو دیکھتے ہوئے، گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان (گریپ) کا چوتھا مرحلہ لاگو کیا گیا ہے۔ دارالحکومت میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی)’شدید' زمرے میں ہے، جس کا عوامی زندگی پر خاصا اثر پڑ رہا ہے۔ اس کے تحت دہلی حکومت نے کئی سخت قدم اٹھائے ہیں۔ تعمیراتی کاموں پر پابندی لگا دی گئی ہے جیسے کہ میٹرو اور اسپتال کی تعمیر پر،  پرانی ڈیزل گاڑیوں پر پابندی لگائی گئی ہے۔ آلودگی سے نمٹنے کے لیے بھی بہت سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سڑکوں پر جمع دھول کو کم کرنے کے لیے دہلی کے کئی حصوں میں پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔ 


Share: